نریندر مودی کو کہہ دیا پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہئے ڈونلڈ ٹرمپ

تجارت کے ذریعے تنازعات حل کرنے پر یقین رکھتا ہوں‘ بھارتی وزیراعظم سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی، جس میں تجارت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر کہا  ہے پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔اوول آفس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا  ان کی بھارتی وزیراعظم سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی، جس میں تجارت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا  وہ تجارت کے ذریعے تنازعات حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اسی پالیسی کے تحت انہوں نے مودی کو کہا کہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔امریکی صدر نے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے تجارت کے ذریعے آٹھ جنگیں رکوا دیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل تھی۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سات طیارے گرائے گئے، مگر انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطہ کرکے کہا کہ اگر جنگ کی تو امریکا تجارتی تعلقات ختم کردے گا، جس کے بعد صرف 24 گھنٹوں میں دونوں ممالک نے پیغام دیا کہ وہ جنگ نہیں چاہتے۔