پاکستان معاشی استحکام، اصلاحات اور پائیدار و جامع ترقی کے راستے پر گامزن ‘ سرمایہ کاری کے فروغ، مالی نظم و ضبط کیلئے پرعزم ہے
معاشی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے:محمد اورنگزیب کا واشنگٹن چینی میڈیا کو انٹرویو
اسلام آباد/واشنگٹن (آئی این پی )وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث 4 فیصد سے زائد کی ترقی کا ہدف مشکل ہے،معاشی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کیں، مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے دوران چینی میڈیا کو انٹرویو میں کیا ۔وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے معاشی استحکام کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ مالی اور بیرونی کھاتوں میں بہتری آئی ہے، روپے کی قدر مستحکم رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر اڑھائی ماہ کی درآمدات کے برابر ہو گئے ہیں اور مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی گئی ہے جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں فِچ، ایس اینڈ پی اور موڈیز نے تقریبا تین سال بعد پاکستان کی معاشی درجہ بندی میں بہتری ظاہر کی ہے