وفاقی حکومت معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہ کر سکی شرح مقررہ 3.6 کے مقابلے میں 2.68 فیصد رہی

رواں مالی سال زرعی شعبے کی شرح نمو 0.56 فیصد، صنعت اور معدنیات کے شعبے میں شرح نمو 4.7 فیصد رہی‘ بڑی فصلوں کی پیداوارمیں 13.4 فیصد کمی 
 بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.53 فیصد کمی ہوئی ‘ معیشت کا حجم 411 ارب ڈالر تک جا پہنچا ‘ فی کس آمدنی 1824 ڈالر ہو گئی:رپورٹ

 اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی حکومت رواں مالی سال میں معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور معاشی ترقی کی شرح مقررہ 3.6 کے مقابلے میں 2.68 فیصد رہی۔ میڈیا رپورٹ  کے مطابق رواں مالی سال اختتام کے قریب ہے تاہم حکومت معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہیں کر سکی ہے۔ رواں سال کے لیے معاشی ترقی ا ہدف 3.6 مقرر کیا گیا لیکن معاشی ترقی کی شرح 2.68 فیصد رہی۔ذرائع نے بتایا  رواں مالی سال میں معیشت کا حجم 411 ارب ڈالر تک جا پہنچا جبکہ فی کس آمدنی 1824 ڈالرز ہو گئی۔سیکریٹری منصوبہ بندی اویس سمرا کی زیر صدارت نیشنل اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے بتایا کہ رواں مالی سال زرعی شعبے کی شرح نمو 0.56 فیصد، صنعت اور معدنیات کے شعبے میں شرح نمو 4.7 فیصد ہوئی۔کمیٹی نے بتایا  رواں مالی سال ملک کی بڑی فصلوں کی پیداوار 13.4 فیصد کمی ہوئی۔ ان میں گندم کی فصل کی پیداوار 8.9 فیصد کم ہوئی۔ گندم کی پیداوار 29 لاکھ ٹن کم ہوئی اور 31.8 ملین ٹن سے کم ہو کر 28.9 ملین ٹن پر آ گئی۔اس کے علاوہ مکئی کی پیداوار میں 15.4 فیصد، چاول کی فصل میں 1.38 فیصد کمی ہوئی۔ چاول کی پیداوار 9.86 ملین ٹن سے کم ہو کر 9.72 ملین ٹن رہی۔کمیٹی نے اجلاس کو بتایا  زراعت میں جنگلات اور فشریز میں 0.56 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال خدمات میں 2.91 فیصد اضافہ ہوا۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.53 فیصد کمی ہوئی اور چھوٹی صنعتوں کی پیداوار میں 8.81 فیصد اضافہ ہوا۔ تعمیرات کی شعبے میں 6.61 فیصد اور بجلی گیس پانی کی گروتھ 28.88 فیصد رہی۔