حکومت مہنگائی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ، نجی سرمایہ کاری کو فروغ اور کاروبارکیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے
حکومت 5 سے 6 سرکاری اداروں کی نجکاری سے ایک ارب ڈالر سے زائد حاصل کرنے کا ہدف رکھتی ہے:بلوم برگ ٹی وی کو انٹرویو
بنکاک (آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کی معیشت رواں مالی سال 4 فیصد سے زائد ترقی کرے گی، جبکہ حکومت 5 سے 6 سرکاری اداروں کی نجکاری سے ایک ارب ڈالر سے زائد حاصل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔بنکاک میں بلوم برگ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا عالمی اور علاقائی حالات کے باوجود پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے اور زرعی شعبہ بھی بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 10 ارب ڈالر کے ایکسچینج اسٹیبلائزیشن فنڈ سے متعلق بات چیت جاری ہے، اگر یہ سہولت حاصل ہو جاتی ہے تو پاکستان کے لئے بڑی مدد ثابت ہوگی، تاہم اس کے حصول میں کامیابی نہ ملنے کی صورت میں بھی عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی متاثر نہیں ہوگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ے ساتھ معاہدے کے بعد پاکستان کو ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے ایندھن کی مناسب مقدار حاصل کر لی ہے اور ملک کو ایندھن کی قلت سے کامیابی کے ساتھ بچایا گیا ہے، حکومت مہنگائی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے