نفرت اور تقسیم کی سایست چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینے کا سوچیں، بلاول بھٹو

نفرت اور تقسیم کی سایست چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینے کا سوچیں، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یوتھ کارڈ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

اس اقدام کے تحت صوبے کے 16 سے 29 سال عمر کے نوجوانوں کو مالی معاونت اور مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو یوتھ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یوتھ کارڈ کا آغاز کرکے سندھ حکومت آج ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے جارہی ہے۔ سیاست دانوں کو نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ملک کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں اعتماد کرسکیں، کیونکہ اسی صورت میں معاشی مشکلات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ خود ملک کے حالات سے مایوس ہیں تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے نوجوان کس کیفیت سے گزر رہے ہوں گے۔ اگر ملک میں کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ سیاسی ری سیٹ ہوگا۔ ہمیں اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا اور اختلافات ایک طرف رکھ کر ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے، جبکہ نفرت اور تقسیم کو فروغ دے کر کسی بھی قومی بحران کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ سندھ یوتھ کارڈ 16 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں کو جاری کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایک لاکھ نوجوان اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ کارڈ ویزا کارڈ کی طرز پر ہوگا اور عالمی مالیاتی نظام سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے نوجوانوں تک مختلف مالی فوائد پہنچائے جائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ مشکلات نوجوان طبقے کو درپیش ہیں، کیونکہ بڑی تعداد میں نوجوان روزگار کے مواقع سے محروم ہے۔ سندھ حکومت محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں کی مدد اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں سبسڈی دلوانے کے لیے بھی کوشش کرے گی۔ اسکالرشپس سمیت دیگر مالی فوائد بھی یوتھ کارڈ کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔