شہید بھٹو اور شہید محترمہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتے تھے: بلاول بھٹو

شہید بھٹو اور شہید محترمہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتے تھے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کو ان کے 17ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید کی قربانیاں اور قیادت پاکستان کے لیے پائیدار میراث ہیں۔

انہوں نے بی بی شہید کی زندگی کو جرات، استقامت اور مظلوم طبقات کے لیے امید کی علامت قرار دیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا خواب ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان کا تھا، جہاں ہر فرد کی عزت و تکریم ہو اور معاشی و سماجی استحصال نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کا خواب حقیقت بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم ان کے وژن کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شہید بی بی نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا، وہ مساوات، خوشحالی اور جمہوریت پر مبنی ہوگا۔ ان کے انسانوں کے حقوق، آزادی اور جمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہونے کا عہد کیا۔

 انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت دہشت گردی، انتہاپسندی اور ملکی استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔بلاول بھٹو نے عالمی مسائل جیسے فلسطین، کشمیر اور دیگر تصفیہ طلب مسائل پر بھی بی بی شہید کے وژن کو اپنانے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی عالمی قیادت اور ان کی مدبرانہ پالیسیوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک رہنمائی فراہم کی۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارٹی کارکنان اور پاکستانی قوم سے بی بی شہید کے اصولوں کی تجدید کرنے کی اپیل کی، تاکہ جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے ان کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جا سکے۔