لاہور: کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد ایران امریکا کشیدگی اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ نے عالمی فضائی صنعت کو ایک بار پھر شدید مالی بحران سے دوچار کردیا ہے۔
جنگی صورتحال، فضائی حدود کی بندش، پروازوں کی منسوخی اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کی ایئرلائنز کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔جنگ کے اثرات نہ صرف بین الاقوامی فضائی آپریشنز بلکہ ٹریول اور سیاحت کی صنعت پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ مختلف فضائی کمپنیوں کے منافع میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ کئی ایئرلائنز کو اپنے روٹس محدود کرنے اور پروازوں کی تعداد کم کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
عالمی ایئرلائنز کے منافع میں کمی، مارکیٹ ویلیو بھی متاثر
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) اور پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق 2025 میں متعلقہ ایئرلائنز مجموعی طور پر 7.2 ارب ڈالر منافع میں تھیں، تاہم موجودہ صورتحال میں انہیں مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔دنیا کی 20 بڑی ایئرلائنز کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اندازاً 30 ارب ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی ٹریول انڈسٹری کو روزانہ 60 کروڑ ڈالر تک نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک 46 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ فضائی حدود کی بندش اور طویل متبادل روٹس اختیار کرنے کے باعث ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں 80 فیصد سے زائد اضافے نے مالی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔
قطر ایئرویز اور ایمریٹس کو بھاری مالی نقصان
مشرق وسطیٰ کی فضائی کمپنیوں میں قطر ایئرویز سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں شامل ہے۔ قطر کی فضائی حدود طویل عرصے تک بند رہنے اور ایرانی میزائل حملوں کے باعث کمپنی کا فضائی نیٹ ورک متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں جون سے اکتوبر کے دوران 20 لاکھ نشستیں کم کرنا پڑیں۔ایمریٹس ایئرلائن کو بھی جنگی صورتحال کے باعث بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ ایمریٹس گروپ کا منافع 66 فیصد کمی کے بعد ایک ارب ڈالر رہ گیا، جبکہ مسافروں کی تعداد 22 فیصد کم ہوکر 2 کروڑ 18 لاکھ تک پہنچ گئی۔جنگ کے ابتدائی دنوں میں ایمریٹس کی 1581 پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے 6 لاکھ 44 ہزار سے زائد نشستیں متاثر ہوئیں۔ مارچ کے دوران دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمدورفت میں بھی 66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اتحاد ایئرویز اور ایرانی فضائی صنعت بھی متاثر
ابوظہبی کی اتحاد ایئرویز کو بھی جنگ کے ابتدائی مرحلے میں 193 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ بعد ازاں ساڑھے چار لاکھ نشستیں کم کی گئیں۔ حملوں کے باعث ابوظہبی ایئرپورٹ بھی متاثر ہوا۔دوسری جانب ایران کی فضائی حدود 58 روز تک بند رہنے سے ایرانی فضائی صنعت کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 20 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ تہران کا امام خمینی ایئرپورٹ 25 اپریل کو دوبارہ کھولا گیا۔
بھارتی ایئرلائنز کے آپریشنز بھی متاثر
فضائی حدود کی بندش اور متبادل روٹس کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایئر انڈیا کے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 36 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈیگو نے صرف چار روز کے دوران 500 سے زائد پروازیں منسوخ کیں۔
پاکستانی ایئرلائنز اور ٹریول ایجنٹس کو بھی نقصان
پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ایوب نسیم نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے باعث پاکستان کی مقامی ایئرلائنز کو بھی اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ پاکستانی ایئرلائنز کے لیے سب سے زیادہ منافع بخش روٹس میں شامل ہے اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں اس خطے کا حصہ تقریباً 50 فیصد تک ہے۔ ایران امریکا کشیدگی کے بعد حوثیوں کے سعودی عرب میں حملوں نے بھی فضائی آپریشنز کو متاثر کیا ہے۔ایوب نسیم کے مطابق ریاض ایئرپورٹ تقریباً ایک ماہ سے بند ہے، جبکہ جدہ اور یورپ کے مختلف روٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث ٹریول ایجنٹس کے کاروبار پر براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔
بزنس کلاس اور عمرہ ٹریول میں بھی کمی
انہوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں بزنس کلاس سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جبکہ عمرہ زائرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ عام طور پر کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ایئرلائنز کی ٹکٹیں پہلے ہی بک ہوجاتی تھیں، تاہم اس بار جنگی صورتحال کے باعث بکنگ کا رجحان متاثر ہوا ہے۔ایوب نسیم کے مطابق ٹریول ایجنٹس کو 30 سے 40 فیصد تک کاروباری نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی اور فضائی آپریشنز معمول پر نہ آئے تو ٹریول ایجنٹس کے لیے اپنا کاروبار جاری رکھنا بھی مشکل ہوجائے گا۔