حنا جاوید قتل کیس: 88 روز گزرنے کے باوجود چالان پیش نہ ہوسکا، پراسیکیوشن کا اظہار برہمی

حنا جاوید قتل کیس: 88 روز گزرنے کے باوجود چالان پیش نہ ہوسکا، پراسیکیوشن کا اظہار برہمی

راولپنڈی: ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید قتل کیس میں 88 روز گزرنے کے باوجود پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن برانچ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی کو خط لکھ دیا۔

پراسیکیوشن برانچ کی جانب سے لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانون کے مطابق پولیس 14 روز کے اندر مقدمے کا چالان پیش کرنے کی پابند ہے، تاہم حنا جاوید قتل کیس میں 88 روز گزرنے کے باوجود تاحال چالان جمع نہیں کرایا جاسکا۔ پراسیکیوشن برانچ نے تفتیشی ٹیم اور متعلقہ ایس ایچ او کو فوری طور پر چالان پیش کرنے کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔خط کی نقول انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکریٹریٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب وکلا نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں چالان جمع کرانے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مقدمات میں تاخیر معمول بنتی جارہی ہے، جس سے انصاف کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ادھر حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں جنسی زیادتی کی دفعہ 376 بھی شامل کرلی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل درج ایف آئی آر میں صرف قتل کی دفعہ 302 شامل تھی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ حنا جاوید کو قتل سے قبل مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ رپورٹ میں ملازم ذیشان کے نمونے بھی پائے گئے ہیں، جس کے بعد تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حنا جاوید کو مبینہ طور پر ان کے ملازم ذیشان نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس دستیاب شواہد اور ڈی این اے رپورٹ کی روشنی میں کیس کی تفتیش آگے بڑھا رہی ہے۔واضح رہے کہ حنا جاوید قتل کیس میں ان کے شوہر ڈاکٹر فیصل اور ملازم ذیشان پر ملوث ہونے کا الزام ہے۔ پولیس کی جانب سے دونوں کے کردار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔