حنا جاوید قتل کیس کا چالان عدالت میں جمع، گھریلو ملازم ذیشان مرکزی ملزم نامزد

حنا جاوید قتل کیس کا چالان عدالت میں جمع، گھریلو ملازم ذیشان مرکزی ملزم نامزد

راولپنڈی پولیس نے حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے تین ماہ بعد مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔

 پولیس نے چالان میں گھریلو ملازم ذیشان کو مرکزی ملزم قرار دیا ہے، جبکہ مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور سسر علی اصغر کو خانہ نمبر 2 میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مقتولہ کے اہلِ خانہ پولیس کی تفتیش اور سامنے آنے والے نتائج پر پہلے ہی عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق 20 اگست کو راولپنڈی میں حنا جاوید کو ان کے گھر میں قتل کیا گیا تھا، جن کی لاش گھر کے واش روم سے برآمد ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد تھانہ سول لائنز پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی تھی۔ مقدمے کی تحقیقات کے دوران جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے اور مختلف فرانزک ٹیسٹ بھی کروائے گئے۔راولپنڈی کے نئے تعینات ہونے والے سی پی او سردار غیاث گل نے صحافیوں سے تعارفی ملاقات کے دوران بتایا کہ تھانہ سول لائنز پولیس نے حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش مکمل کر لی ہے اور ان کی ہدایت پر مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ پولیس نے دستیاب شواہد اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں گھریلو ملازم ذیشان کو قتل کا مرکزی ملزم نامزد کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ اور مقتولہ کی لاش سے حاصل کیے گئے مجموعی طور پر 17 نمونوں کا ڈی این اے مبینہ طور پر گھریلو ملازم ذیشان کے ڈی این اے سے میچ ہوا۔ حنا جاوید کے ناخنوں سے حاصل ہونے والے نمونے میں بھی ذیشان کا ڈی این اے پایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ زیادتی کے پہلو سے کی جانے والی تحقیقات کے دوران مقتولہ کی لاش سے حاصل کیے گئے اسپرم کے نمونے کا ڈی این اے بھی ذیشان سے میچ ہوا۔ پولیس نے ان فرانزک شواہد کو اپنی تفتیش کا اہم حصہ بناتے ہوئے ذیشان کو مقدمے میں مرکزی ملزم قرار دیا ہے۔دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور سسر علی اصغر کے خلاف تفتیش کے دوران ایسے اہم شواہد سامنے نہیں آئے جن کی بنیاد پر انہیں مرکزی ملزم نامزد کیا جاتا۔ اسی وجہ سے دونوں کو چالان کے خانہ نمبر 2 میں رکھا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ خانہ نمبر 2 میں نام شامل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں کو عدالت نے بے گناہ قرار دے دیا ہے، ان کے کردار اور ذمہ داری کا حتمی تعین عدالتی کارروائی کے دوران ہوگا۔تفتیش کے دوران گھریلو ملازم ذیشان کے موبائل فون سے حنا جاوید کی تصاویر بھی برآمد ہوئیں، جنہیں پولیس نے چالان کا حصہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کے موبائل فونز کا کال ریکارڈ، ڈی این اے رپورٹس اور دیگر فرانزک شواہد بھی عدالت میں جمع کرائے گئے ہیں۔

پولیس نے مقدمے کے چالان کے ساتھ حنا جاوید کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور لاش کے ابتدائی معائنے سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی ہیں تاکہ عدالت کو واقعے کے مختلف پہلوؤں اور دستیاب شواہد سے آگاہ کیا جاسکے۔ادھر حنا جاوید کے اہلِ خانہ پولیس کی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔ لواحقین کے تحفظات کے باوجود پولیس نے اپنی تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔