سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانا ملک کے لیے خطرناک ہے: بیرسٹر گوہر

سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانا ملک کے لیے خطرناک ہے: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو سائیڈ لائن کرنا ملک کے لیے نیک شگون نہیں، ملک میں سختی کم اور سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

 چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر لاہور میں سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے میاں اظہر (مرحوم) کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر پارٹی رہنما معین قریشی، حافظ فرحت، فرخ جاوید مون، اور ایڈووکیٹ ابوذر سلمان نیازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میاں اظہر نے باوقار سیاسی زندگی گزاری اور ان کے بیٹے حماد اظہر آزمائش کے وقت میں پارٹی کے ساتھ ڈٹے رہے۔ حماد اظہر نے جمہوریت کے لیے دو سال دوری برداشت کی، ہمیں ملک میں اَنا ختم کرنی ہوگی تاکہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پہلے فارن فنڈنگ کا الزام لگا، اب مختلف اور نئے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے زور دیا کہ ایک مقبول سیاسی جماعت کو دیوار سے لگانا ملک کے لیے بہتر نہیں، ایسے اقدامات سے سیاسی ماحول مزید خراب ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے کیونکہ نیت صاف نہیں تھی، تحریک انصاف سیاسی انتشار پر یقین نہیں رکھتی، اور پارٹی تشدد کی راہ پر نہیں چلتی۔انہوں نے اپیل کی کہ تمام فریقین ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور سختیوں کو کم کر کے مفاہمت کی راہ اپنائیں۔