کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی رابطے کی کوششیں مسترد کردیں، ملاقات کی نئی کوشش بھی ناکام

کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی رابطے کی کوششیں مسترد کردیں، ملاقات کی نئی کوشش بھی ناکام

واشنگٹن: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابطے کی متعدد کوششوں کا جواب دینے سے انکار کردیا، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تازہ کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی۔

 امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے فون کالز اور خط کے ذریعے رابطے کی کوششیں بھی بے نتیجہ رہیں۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان موجود ٹیلی فون لائنز اور دیگر سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے کم جونگ اُن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم شمالی کوریا کی جانب سے کسی قسم کا جواب موصول نہیں ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فون کالز کا جواب نہ ملنے پر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو ایک خط بھی ارسال کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن امریکی حکام کے لیے یہ خط کم جونگ اُن تک پہنچانا بھی مشکل مرحلہ بن گیا۔اس مقصد کے لیے وائٹ ہاؤس حکام نے ایک خصوصی منصوبہ تیار کیا اور امریکی وفد کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہر تعینات کیا گیا۔

 بعد ازاں جب شمالی کوریا کا ایک سفارت کار وہاں سے گزرا تو امریکی وفد کے ارکان نے اسے صدر ٹرمپ کا خط تھما دیا۔تاہم رپورٹ کے مطابق یہ کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایک اجلاس کے دوران شمالی کوریا کے سفارت کار نے امریکی صدر کا خط ایک امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا۔ بتایا گیا ہے کہ خط کھولا بھی نہیں گیا تھا۔

ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی ملاقات کی کوشش ناکام

ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران کم جونگ اُن سے تین مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام اور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا معاملہ مرکزی اہمیت رکھتا تھا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پاسکا تھا۔وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق رواں ہفتے صدر ٹرمپ کے دورہ ایشیا کے موقع پر بھی کم جونگ اُن سے ملاقات کی کوشش کی گئی، لیکن یہ کوشش بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی۔ مذاکرات سے واقف ذرائع کے مطابق دونوں فریقوں نے آخری لمحات میں براہ راست ملاقات کے امکان کا جائزہ لیا تھا، تاہم کم جونگ اُن کی جانب سے ایسی شرائط سامنے آئیں جنہیں امریکا قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

شمالی کوریا جوہری پروگرام سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما اب اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے دستبردار ہونے میں دلچسپی نہیں رکھتے، بلکہ امریکا سے مطالبہ کررہے ہیں کہ شمالی کوریا کو باقاعدہ جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کیا جائے۔امریکی انٹیلی جنس کے سالانہ جائزے میں بھی گزشتہ سال یہ بات سامنے آئی تھی کہ کم جونگ اُن اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی کا ارادہ نہیں رکھتے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2019 میں ڈونلڈ ٹرمپ سے آخری ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت شمالی کوریا کے پاس اندازاً 20 سے 30 جوہری وار ہیڈز موجود تھے، جبکہ اب ان کی تعداد تقریباً 60 بتائی جارہی ہے۔اس کے علاوہ شمالی کوریا نے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی تیار کیے ہیں، جو امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔