منفی فیڈبیک پر سپروائزری افسران شہریوں کو خود کال کرکے شکایات کا ازالہ یقینی بنائیں گے: ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس 15 کال فیڈبیک سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت منفی فیڈبیک پر سپروائزری افسران خود شہریوں کو کال کرنے کے پابند ہوں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فیس بک لائیو کھلی کچہری میں شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی فیڈبیک میں 92 فیصد مثبت اور 8 فیصد منفی رائے سامنے آئی تھی۔ منفی فیڈبیک کی روشنی میں فرسٹ ریسپانڈرز کی تربیت اور رہنمائی کی گئی اور اہلکاروں کو بہتر رویے اور مؤثر پولیس رسپانس کی تربیت دی گئی۔ ان اقدامات کے بعد جمعہ کو موصول ہونے والی 15 کالز پر 97 فیصد مثبت اور 3 فیصد منفی فیڈبیک سامنے آیا۔ منفی فیڈبیک کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی فراڈ اور سود سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئیں، جن پر ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ افسران کو کارروائی کی ہدایت کی۔ شہریوں نے پولیس سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ہنگامی صورت حال میں پنجاب پولیس ہیلپ لائن پر کال کر سکتے ہیں۔ 15 کی ہر کال کا منفرد ٹریکنگ نمبر جاری ہوتا ہے، جس کے ذریعے پولیس رسپانس اور کارروائی کی نگرانی ممکن ہے۔ شہری تھانے میں درخواست دیتے وقت لازمی ٹریکنگ نمبر حاصل کریں اور رسید نہ ملنے پر متعلقہ سپروائزری افسر کو آگاہ کریں۔ شکایت کا ٹریکنگ نمبر شہری کا حق اور پولیس کی جوابدہی کا ذریعہ ہے۔