یاسمین راشد فضائی آلودگی سے حالت خراب

 سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر طبی سہولیات اور انسانی حقوق یقینی بنا ئے جائیں:ڈاکٹر عظمیٰ خان کا اظہار تشویش 
لاہور ( خصوصی رپورٹ )ن تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ 76 سالہ ڈاکٹر یاسمین راشد کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ممتاز ریٹائرڈ پروفیسر آف آبسٹیٹرکس اینڈ گائناکالوجی ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی انسانی خدمت اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے وقف کی۔ وہ بطور وزیر صحت کورونا وبا کے دوران بھی اہم کردار ادا کرچکی ہیں، تاہم کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد گزشتہ ساڑھے تین سال سے قید میں ہیں اور متعدد سنگین طبی مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد ریسٹرکٹو لنگ ڈیزیز، دمہ، جس کے لیے سی پی اے پی سپورٹ درکار ہے، ہائی بلڈ پریشر اور سکولیوسس جیسے امراض میں مبتلا ہیں۔ چیسٹ انفیکشن اور خطرناک فضائی آلودگی نے ان کی صحت کے لیے مزید خطرات پیدا کردیے ہیں اور انہیں فوری طبی توجہ کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے سوال اٹھایا کہ ہماری انسانیت کہاں ہے؟ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں اور اختلافات سے بالاتر ہوکر ہر فرد کو بنیادی انسانی وقار، ہمدردی اور ضروری طبی سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ کسی بھی شخص کی صحت اور زندگی کو سیاسی اختلافات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔