لاہور (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے چیف جسٹس کو خط لکھ کر ڈی چوک واقعے کی جوڈیشل انکوائری کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشدکی جانب سے ڈی چوک پر پیش آنے والے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے جیل سے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط ارسال کیا گیا ہے۔ خط میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 26 نومبر کو پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، اسلام آباد میں پاکستان کے مستقبل کی نسل کا قتل عام کیا گیا، بطور ماں اس سانحے پر میرا دل ٹوٹ گیا، اپنی 74 سالہ زندگی میں آج تک کبھی خود کو اتنا بے یارو مددگار نہیں پایا۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے بدترین دورسے گزر رہا ہے، ہم بنیادی حقوق کے تحفظ کیلیے چیف جسٹس کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں، 26 نومبر کو ڈی چوک پر جو ہوا اس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اگر حقائق سامنے نہ لائے گئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔