لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر گٹکا مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے گٹکا فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پان شاپس کی آڑ میں ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے والے سات ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 25 کلو سے زائد لیکوئڈ اور پیکٹ گٹکا برآمد ہوا۔ ملزمان پولیس سے بچنے کے لیے دکانوں کے اندر گٹکا چھپا کر فروخت کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت جنید، عدیل، علی، احمد، بلال، شہباز اور نوید کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا کہنا ہے کہ گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔