لاہور میں سبزیاں سرکاری نرخوں سے 30 روپے فی کلو مہنگی فروخت

لاہور میں سبزیاں سرکاری نرخوں سے 30 روپے فی کلو مہنگی فروخت

لاہور میں سرکاری نرخنامے کے برعکس اوپن مارکیٹ میں سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ جاری ہے، دکاندار سرکاری قیمتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے مختلف سبزیوں پر فی کلو 30 روپے تک اضافی وصول کرنے لگے۔

 مہنگائی کے ستائے شہری سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں۔مارکیٹ میں ٹماٹر، پیاز، پھول گوبھی سمیت متعدد سبزیاں سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ سرکاری نرخنامے کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت 125 روپے مقرر ہے، تاہم دکاندار اسے 155 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح پیاز 150 روپے کے بجائے 180 روپے جبکہ پھول گوبھی 90 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخنامے اور اوپن مارکیٹ کے درمیان واضح فرق سامنے آیا ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 190 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں 220 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ سبز مرچ 130 روپے کے بجائے 160 روپے جبکہ کریلے 140 روپے کے بجائے 170 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔

ادرک اور لہسن کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی جاری ہے۔ ادرک کی سرکاری قیمت 340 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 370 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ دیسی لہسن کا سرکاری نرخ 235 روپے ہے، تاہم دکاندار شہریوں سے 265 روپے فی کلو وصول کر رہے ہیں۔اس طرح مختلف سبزیوں پر شہریوں کو سرکاری نرخوں سے 30 روپے فی کلو تک اضافی ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے، جس سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سرکاری نرخنامہ جاری کرنے کے باوجود دکاندار اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر نگرانی اور کارروائی نہ ہونے کے باعث گراں فروشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔