لاہور میں مہنگائی بے قابو، پھل اور سبزیاں سرکاری نرخوں سے کئی گنا مہنگی

لاہور میں مہنگائی بے قابو، پھل اور سبزیاں سرکاری نرخوں سے کئی گنا مہنگی

لاہور میں مہنگائی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، جہاں پھل اور سبزیاں سرکاری نرخ نامے کے برعکس زائد قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

مختلف اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 40 سے 120 روپے فی کلو تک اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ نامے کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء کی خریداری مزید مہنگی ہو گئی ہے۔مارکیٹ میں پیاز 92 روپے کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 120 روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 300 روپے کے بجائے 420 سے 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔اسی طرح پھول گوبھی 110 روپے کے مقابلے میں 220 روپے فی کلو، بینگن 110 روپے کے بجائے 210 روپے فی کلو، بھنڈی 180 روپے کے مقابلے میں 240 سے 280 روپے فی کلو اور کریلے 100 روپے کی سرکاری قیمت کے برخلاف 250 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔

مٹر 300 روپے کے بجائے 400 سے 510 روپے فی کلو دستیاب ہیں، جبکہ چونسہ آم 350 روپے کے مقابلے میں 450 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ آڑو سپیشل 280 روپے کی سرکاری قیمت کے بجائے 350 روپے فی کلو، سیب 220 روپے کے مقابلے میں 350 روپے فی کلو جبکہ کیلے 215 روپے فی درجن کے بجائے 250 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کر کے عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جائے۔