پی ایس او اور عمان کی کمپنی میں پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے

وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور عمان کے وزیر توانائی نے معاہدے کی تقریب میں شرکت کی
 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات ہوئی۔ پی ایس او اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی نے معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔ عمان کی او کیو ٹریڈنگ پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 2 سو ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔ معاہدے کے تحت پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہوگا۔ معاہدہ پاکستان کی توانائی سکیورٹی اور پیٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع کے لیے اہم پیش رفت قرار دی گئی ہے۔ پاکستان اور عمان کی جانب سگ تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پاکستان اور عمان کے درمیان آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا۔ دونوں وزراء نے مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ عمان کی او کیو ٹریڈنگ نے 2026 میں پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پٹرول فراہم کیا۔ او کیو ٹریڈنگ کی جانب سے پاکستان کو ایل پی جی فراہمی 2026 کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع کی گئی۔ پاکستان اور عمان نے توانائی کے شعبے میں تجارتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔