انفراریڈ گائیڈڈ میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں، کروز میزائلوں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے
تہران/ماسکو(آئی این پی ) ایران نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے روس کے ساتھ جدید وربا ائیر ڈیفنس سسٹم کی خریداری کا معاہدہ کرلیا ۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ تقریبا 60 کروڑ ڈالر مالیت کا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ گزشتہ برس دسمبر میں ماسکو میں طے پایا، جس کے تحت روس آئندہ تین برسوں میں ایران کو 500 وربا لانچ یونٹس اور 2500 9M336 میزائل فراہم کرے گا۔اخبار کے مطابق وربا روس کا جدید پورٹیبل فضائی دفاعی نظام ہے جو کندھے پر رکھ کر فائر کیا جاتا ہے۔ یہ انفراریڈ گائیڈڈ میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں، کروز میزائلوں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔