صارف اپنی پسند کی کمپنی سے بجلی خرید سکے گا‘نیا نظام تیار

ایک میگاواٹ تک کے صارفین کو جنوری 2026 سے سہولت ملے گی :سیکرٹری پاور کی بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کو بتایا گیا ہے کہ حکومت نے بجلی کے شعبے میں اوپن مارکیٹ نظام متعارف کروانے پر غورشروع کردیا ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس محمد ادریس کی زیر صدارت ہوا، جس میں سیکرٹری پاور ڈاکٹر فخر عالم، پاور ڈویژن حکام اور کمیٹی ارکان نے شرکت کی، اجلاس کے دوران کراچی میں بجلی کی فراہمی، انفراسٹرکچر اور پاور سیکٹر کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے کہا کہ کراچی ایک بڑا شہر ہے مگر یہاں صرف ایک ہی کمپنی کے الیکٹرک کی کی اجارہ داری ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔اس کے جواب میں سیکرٹری پاور ڈاکٹر فخر عالم نے بتایا کہ حکومت بجلی کے شعبے میں اوپن مارکیٹ نظام متعارف کروا رہی ہے، جس کے تحت صارف اپنی پسند کی کمپنی سے بجلی خرید سکے گا، یہ سہولت ابتدائی طور پر ایک میگاواٹ تک کے صارفین کو جنوری 2026 سے فراہم کی جائے گی