پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم "دی گلاس ورکر" آسکر 2025ء کی اہلیت فہرست میں شامل

پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم

ویب ڈیسک:پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم "دی گلاس ورکر" نے آسکر ایوارڈز 2025ء کے لیے اہلیت کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔

 اس فلم کو چند ماہ قبل پاکستان کی جانب سے بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا اور اب اسے 97 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ فہرست ان فلموں کی ہے جو آسکر ایوارڈز 2025ء کے لیے مختلف کیٹیگریز میں نامزدگی کے اہل سمجھی گئی ہیں۔"دی گلاس ورکر" کو اینی میٹڈ فیچر فلم کی کیٹیگری میں مقابلہ کرنا ہوگا جہاں اس کا مقابلہ دنیا بھر سے منتخب کی گئی 30 بین الاقوامی فلموں سے ہوگا۔ اس کے علاوہ، یہ فلم بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں بھی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہے، جہاں اسے 86 عالمی فلموں سے مقابلہ کرنا ہے، جن میں بھارتی فلم "لاپتہ لیڈیز" بھی شامل ہے۔

فلم کی ہدایت کاری نوجوان عثمان ریاض نے کی ہے، اور اس میں گلابی اسٹوڈیوز کی تکنیک سے متاثر ہو کر ہینڈ اینی میٹڈ انیمیشن کی گئی ہے۔ "دی گلاس ورکر" کی کہانی ایک نوجوان ونسنٹ اور اس کے والد ٹامس پر مبنی ہے جو ایک شیشے کی ورکشاپ چلاتے ہیں۔ ان کی زندگی ایک ایسی جنگ میں تبدیل ہو جاتی ہے جس کا ان دونوں سے کوئی تعلق نہیں۔ فلم میں ایک فوجی کرنل اور اس کی بیٹی ایلیز کی آمد سے دونوں باپ بیٹے کے رشتے کی حقیقت پر سوالات اٹھتے ہیں اور یہ رشتہ شدید امتحان میں پڑ جاتا ہے۔یہ فلم 26 جولائی 2024ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ "دی گلاس ورکر" کی یہ کامیابی پاکستان کی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ ایک نئی نوعیت کی انیمیشن فلم کو عالمی سطح پر تسلیم کروانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔