خطرناک گروہوں کو پابند سلاسل ، قرار واقعی سزائیں :بلال صدیق

 لاہور پولیس عوام کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لئے مسلسل سرگرم ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس حوالے سے رواں سال سنگین جرائم میں ملوث  634گینگزکے8350ممبران کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز  یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 03ارب59کروڑ86لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔ ملزمان کے قبضہ سے93کاریں، 8048موٹر سائیکلیں، 239 دیگر وہیکلز،302تولے سونا،7360موبائل فونز اور96لیپ ٹاپس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شہر میں ڈکیتی، چوری اورراہزنی سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ کاریں، موٹر سائیکلیں، سونا، موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر وہیکلز اصل مالکان کے حوالے کی جا رہی ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ منظم جرائم میں ملوث خطرناک گروہوں کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات، ناجائز اسلحہ، سٹریٹ کرائم اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رکھی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے بلائنڈ مرڈر، ڈکیتی اور قتل سمیت مختلف سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ راہزنی، ڈکیتی، جھپٹہ اور نوسر بازی میں ملوث گینگز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران امن  عامہ کے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس عوام کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لئے مسلسل سرگرم ہے۔