ویب ڈیسک:برطانوی پاکستانی گلوکار اور سوشل میڈیا اسٹار، چاہت فتح علی خان نے حالیہ دنوں میں وائرل ہونے والی نامناسب ویڈیوز کے معاملے پر نوجوانوں کو قیمتی مشورہ دیا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں، چاہت فتح علی خان نے بغیر کسی کا نام لیے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی قسم کی گندی ویڈیو نہ بنائیں اور نہ ہی اسے سوشل میڈیا پر وائرل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آنے کے بعد بچوں اور فیملیز کے سامنے آتی ہیں، جو انتہائی نامناسب ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز کو مثبت طریقے سے استعمال کریں اور اچھے راستے سے روزگار کمانے پر توجہ دیں۔
چاہت فتح علی خان کے بیان سے قبل، پاکستانی اداکارہ اور میزبان مشی خان نے بھی اس مسئلے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ مشی خان نے کہا کہ حالیہ عرصے میں یہ ایک عجیب رجحان بن گیا ہے کہ کسی نہ کسی لڑکی، ٹک ٹاکر، یا سوشل میڈیا اسٹار کی نامناسب ویڈیوز لیک ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نازیبا تصاویر یا ویڈیوز کا مطالبہ اگر شوہر بھی کرے تو ایسی چیزیں شیئر نہیں کرنی چاہئیں۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب سوشل میڈیا پر ٹک ٹاکرز مناہل ملک، امشا رحمٰن، اور متھیرا کی مبینہ نامناسب ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں، جنہوں نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔