چاہت فتح علی خان کا لاہور میں میوزک اکیڈمی بنانے کا اعلان

چاہت فتح علی خان کا لاہور میں میوزک اکیڈمی بنانے کا اعلان

چاہت فتح علی خان، جو اپنی بےسُری گائیکی اور منفرد مزاحیہ انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے، نے اب اپنی میوزک اور ایکٹنگ اکیڈمی کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران چاہت فتح علی خان نے انکشاف کیا کہ وہ جلد ہی لاہور میں ’چاہت فتح علی خان اکیڈمی‘ کے نام سے ایک تربیتی ادارہ قائم کر رہے ہیں، جہاں نہ صرف گلوکاری بلکہ اداکاری کی بھی تربیت دی جائے گی۔پروگرام کے دوران میزبان نے ان سے ان کی شادی کے بارے میں سوال کیا کہ وہ کس قسم کی لڑکی سے شادی کرنا چاہیں گے؟ اس پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا، "میں میزبان جیسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہوں اور پچھلے ایک سال سے ان کے پیچھے پڑا ہوں۔" ان کے اس جواب پر ہنسی کا ایک طوفان آ گیا۔

چاہت فتح علی خان کو اصل شہرت میڈم نور جہاں کے مشہور گانے ’بدو بدی‘ کے ریمیک سے ملی، جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئے۔ ان کے بےسُری گائیکی پر اکثر انہیں تنقید کا سامنا رہتا ہے، لیکن ان کے منفرد اور مزاحیہ انداز نے انہیں لاکھوں مداحوں میں مقبول بنا دیا ہے۔ان کی نئی اکیڈمی کے اعلان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ کچھ نے کہا کہ "اب بےسُرے گلوکاروں کی ایک پوری فوج تیار ہوگی" جبکہ کچھ مداحوں نے ان کے اس اقدام کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔