خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں دو الگ الگ بم دھماکوں میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق، پہلا دھماکا تھانہ لوئی ماموند کے علاقے ایراب میں ہوا، جس میں ملک اصغر نامی شہری کی جان گئی۔ دوسرا دھماکا بھی تھانہ لوئی ماموند کی حدود میں واقع مینہ خوڑ میں ہوا، جس میں پولیس سپاہی احسان اللہ جاں بحق ہوئے۔دونوں دھماکوں کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔ اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔