بانی پی ٹی آئی نے حکومت میں کہا طالبان ہمارے بھائی ہیں، پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کیخلاف کام کرنیوالی فورسزکو سپورٹ کرنا ہے
بانی پی ٹی آئی شاید خود کو پاکستان سے اوپر سمجھتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کیلئے نئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے:صوبائی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس
لاہور(سپیشل رپورٹر ) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کی سیکیورٹی نہیں بلکہ ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے،بانی پی ٹی آئی نے حکومت میں کہا طالبان ہمارے بھائی ہیں، پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کیخلاف کام کرنیوالی فورسزکو سپورٹ کرنا ہے، ایک جماعت ہے جن کا کام ہی بائیکاٹ کرنا ہے،نیشنل ایکشن پلان کے لیے نئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ آج سیاسی اور سیکیورٹی کے لحاظ سے اہم دن ہے۔ اور جو جماعتیں سیکیورٹی اور عوام سے تعلق رکھتی ہیں وہ اجلاس میں موجود ہیں۔ لیکن ایک جماعت ہے جن کا کام ہی بائیکاٹ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں تو بائیکاٹ کرتے ہی ہیں انہوں نے اپنی حکومت میں بھی بائیکاٹ کیا۔ بطور وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ نہیں بیٹھے تھے۔ اور بانی پی ٹی آئی شاید خود کو پاکستان سے اوپر سمجھتے ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ میں نے تو کل بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی اجلاس میں نہیں بیٹھے گی۔ ان کا ایجنڈا پاکستان کی سیکیورٹی نہیں بلکہ ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ ان کا مقصد پاکستان کے خلاف کام کرنے والی فورسز کو سپورٹ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت میں کہا تھا کہ طالبان ہمارے بھائی ہیں‘ پاکستان کے خلاف باہر سے سازشیں ہو رہی ہیں اور پی ٹی آئی ہمیشہ پاکستان کے خلاف کھڑی ہوتی ہوئی نظر آئے گی۔