پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کے ہراسانی الزامات پر سیاسی رہنما کے خلاف کارروائی، معاملہ شدت اختیار کر گیا.
پاکستانی شوبز اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے رکنِ پنجاب اسمبلی محمد ثاقب چدھڑ پر ہراسانی، دھمکیاں دینے اور اہلِ خانہ کو پریشان کرنے کے الزامات کے بعد معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔اداکارہ کی شکایت کے بعد متعلقہ ادارے، جن میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) بھی شامل ہے، نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی قانونی کارروائی اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال اور محمد ثاقب چدھڑ کے درمیان ماضی میں تعلق رہا، جو تقریباً آٹھ ماہ قبل ختم ہو گیا تھا۔ بعد ازاں اداکارہ کی منگنی ہو چکی ہے اور ان کی شادی یکم جون کو متوقع ہے۔
معاملے کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ کیس مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جبکہ مختلف حلقوں کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو ہراسانی، دھمکی یا بلیک میلنگ کا نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی شعبے یا سیاسی جماعت سے ہو۔حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔