آن لائن ہراسانی، مومنہ اقبال کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے پنجاب کے ایم پی اے کو طلب کر لیا

آن لائن ہراسانی، مومنہ اقبال کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے پنجاب کے ایم پی اے کو طلب کر لیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پنجاب کے ایم پی اے کو آج طلب کر لیا ہے۔

مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے یہ معاملہ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھی شیئر کیا، جس میں بتایا کہ انہوں نے این سی سی آئی اے، ایف آئی اے، اور پنجاب پولیس کو متعدد بار شکایات درج کروائیں، مگر مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث کارروائی نہیں ہو سکی۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی حوصلہ شکنی کی گئی اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور فوراً ان کے خاندان کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔بعد ازاں، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے دونوں فریقین کو آج طلب کر لیا ہے۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے درخواست پر فوری ایکشن لیا جائے اور فیملی کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں دیگر خواتین سے بھی میسجز موصول ہو رہے ہیں، جو دعویٰ کرتی ہیں کہ انہیں بھی اسی ایم پی اے کی جانب سے ہراساں کیا گیا ہے۔دوسری جانب، مذکورہ ایم پی اے نے اپنے کزن کی مدعیت میں اپنے آبائی ضلع میں نامعلوم افراد کے خلاف دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروایا ہے۔