امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی پنجاب اسمبلی ہال میں مشق

 لاہور(کرائم رپورٹر)امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور پولیس ریسپانس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سِول لائنز ڈویڑن پولیس کی جانب سے پنجاب اسمبلی ہال میں ہنگامی مشقوں (موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا گیا۔ مشقوں کی نگرانی ڈی ایس پی سِول لائنز خرم چیمہ نے کی۔ہنگامی مشقوں میں قلعہ گجر سنگھ پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے شرکت کی۔ موک ایکسرسائز کے دوران فرضی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد پولیس ریسپانس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور انہیں مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس ہر وقت الرٹ ہے۔ایس پی سِول لائنز کے مطابق تعلیمی اداروں سمیت تمام اہم مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایسی ہنگامی مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔