لاہور (کرائم رپورٹر)امن و امان کو برقرار رکھنے کے پیش نظر لاہور سٹی ڈویڑن پولیس کی جانب سے ہنگامی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ موک ایکسرسائز نیو منسٹر بلاک میں ایس پی سٹی بلال احمد کی نگرانی میں کی گئی۔اس موقع پر ڈی ایس پی حافظ عبیداللہ، ڈی ایس پی سیکیورٹی سیکرٹریٹ جاوید اور ایس ایس ایچ او اسلام پورہ فریاد اشرف بھی موجود تھے۔ ہنگامی مشقوں میں سٹی پولیس، ایلیٹ فورس، ایس پی یو، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یو سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں نے شرکت کی۔مشقوں کے دوران فرضی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد کا کہنا تھا کہ ان مشقوں کے ذریعے پولیس ریسپانس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ریسپانس کو مزید مؤثر بنانے کیلئے باقاعدگی سے ہنگامی مشقوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سرکاری اداروں اور دیگر اہم عمارتوں سمیت حساس مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایس پی سٹی کے مطابق ان ہنگامی مشقوں کا بنیادی مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فورس کو ہر وقت تیار رکھنا ہے۔