تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اسکائی ڈائیور تنابوورن سیریکوناکورنکن نے چلی کے ایک آتش فشاں پر شاندار لینڈنگ کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق انہوں نے اوجوس ڈیل سالادو آتش فشاں پر سطح سمندر سے 5442 میٹر کی بلندی پر لینڈنگ کی، جو اب دنیا کی بلند ترین اسکائی ڈائیونگ لینڈنگ قرار دی گئی ہے۔اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے 2023 میں قائم ہونے والا 5317 میٹر کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔48 سالہ تنابوورن، جو ایک ریئل اسٹیٹ کاروباری شخصیت اور یونیورسٹی پروفیسر بھی ہیں، نے کہا کہ اس بلندی سے نظارہ انتہائی دلکش تھا اور آتش فشاں کے مختلف معدنی رنگ اسے قوسِ قزح جیسا منظر دے رہے تھے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے 2024 میں اسکائی ڈائیونگ کا آغاز کیا تھا اور اب تک 1250 سے زائد جمپس مکمل کر چکے ہیں۔انہوں نے اس ریکارڈ کو اپنی ذاتی کامیابی کے ساتھ ساتھ تھائی لینڈ کی پہچان اور قومی فخر قرار دیا ہے۔