راولپنڈی–اسلام آباد میٹرو بس سروس میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے اور دھواں دور دور سے واضح طور پر دیکھے جا سکتے تھے، جبکہ انجن سے شروع ہونے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔میٹرو انتظامیہ کے مطابق واقعے کے وقت بس اسلام آباد سے راولپنڈی کی جانب جا رہی تھی، تاہم خوش قسمتی سے بس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا، جس کے باعث کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔ ریسکیو ٹیمیں اور میٹرو بس انتظامیہ موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور صورتحال پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے آئے گی، جبکہ متاثرہ بس کو ہٹانے اور روٹ کی بحالی کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔