اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے، میٹرو بس سروس مکمل بحال

اسلام آباد کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے، میٹرو بس سروس مکمل بحال

وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے جبکہ جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو بس سروس بھی چار روز بعد مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار ہے، جبکہ پولیس اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ترجمان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں خود تمام ٹریفک ڈیوٹیز کی نگرانی کر رہے ہیں، اور لین وائلیشن، ون ویلنگ، غلط سمت میں ڈرائیونگ اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، اپنی لین میں رہیں اور ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔شہری روڈز کی تازہ صورتحال کے لیے 1915 پر کال کر سکتے ہیں یا ایف ایم 92.4 سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس بھی صدر اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک مکمل بحال کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کو سفری سہولتوں میں نمایاں بہتری ملی ہے۔