اسلام آباد میں پیٹرول کی مبینہ قلت سے متعلق پھیلنے والی خبروں پر ضلعی انتظامیہ نے واضح مؤقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں فی الحال ایندھن کی فراہمی مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی بڑے بحران یا قلت کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں پیٹرول اور ڈیزل کے مناسب اور وافر ذخائر موجود ہیں، جبکہ مختلف پیٹرول پمپس پر سامنے آنے والی قلت کی شکایات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ کچھ مقامات پر عارضی طور پر سپلائی میں مشکلات پیش آئیں، جس کی بنیادی وجہ ہیوی ٹرانسپورٹ کی محدود دستیابی اور ترسیل میں وقتی رکاوٹیں تھیں۔ تاہم ان مسائل کے حل کے لیے متاثرہ پمپس تک ٹینکرز کے ذریعے ایندھن کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ضلعی حکام کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ذرائع سے پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
اس سلسلے میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ شہر بھر کے پیٹرول پمپس پر اسٹاک اور سپلائی کی مسلسل نگرانی کریں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ڈپٹی کمشنر خود بھی صورتحال کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ نے ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے شہر کے تمام پمپس پر ایندھن کی دستیابی کو مانیٹر کرنے کا نظام فعال کیا ہوا ہے۔حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی ممکنہ مسئلے کی صورت میں فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ایندھن کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔