وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے فول پروف انتظامات کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ممنوعہ مقامات پر جانوروں کی آلائشیں، باقیات اور کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی منظوری دی گئی، جبکہ خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گلی محلوں، ڈرینز، کینالوں، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر آلائشیں پھینکنے کی روک تھام کیلئے خصوصی ویجلینس اسکواڈ تشکیل دیے جائیں۔مریم نواز نے عوامی آگاہی کیلئے جامع ابلاغی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہری صفائی مہم میں بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران “ون گورنمنٹ یونٹ” کے طور پر کام کیا جائے گا اور تمام متعلقہ ادارے مکمل رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں ڈرینز، کینالوں، قبرستانوں، چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں کی خصوصی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، ریلوے کالونیوں اور کنٹونمنٹ علاقوں میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے بتایا کہ صوبہ بھر میں عید صفائی آپریشن کیلئے 1 لاکھ 76 ہزار سینیٹری ورکرز اور 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن خدمات انجام دیں گے۔بریفنگ کے مطابق قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ انداز میں جمع کرنے کیلئے 3800 پرائمری کولیکشن سینٹرز، 3100 ڈمپنگ سائٹس اور مجموعی طور پر 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے 4500 خصوصی کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ اجتماعی قربانی کیلئے قائم 1200 قربان گاہوں پر بھی خصوصی صفائی انتظامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ عید صفائی آپریشن کے دوران 40 ہزار سے زائد اضافی گاڑیاں استعمال کی جائیں گی، جن میں لوڈر رکشے، منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالیاں اور پک اپ گاڑیاں شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ میونسپل کارپوریشنز اور تحصیلوں میں اضافی لوڈر رکشے فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نمازِ عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا، جبکہ “ستھرا پنجاب” ٹیمیں عید سے قبل اور عید کے تینوں دن مکمل طور پر متحرک رہیں گی۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، واسا اور میونسپل کارپوریشن دفاتر میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے تاکہ صفائی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ شہریوں کی شکایات اور معلومات کے حصول کیلئے 11 مختلف ذرائع پر مشتمل خصوصی مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔