اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے دارالحکومت میں تعمیر کیے گئے جناح اسکوائر انٹرچینج منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
منصوبے کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے منصوبے کو صرف 35 دن میں مکمل کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا:"اتنے کم وقت میں اس قدر بڑا منصوبہ مکمل کرنا معمولی بات نہیں، یہ محنت، عزم اور بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وہ دن دور نہیں جب محسن نقوی ایک دن میں ایسے منصوبے مکمل کر لیا کریں گے۔"وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل کو دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
تقریب کے دوران شہباز شریف نے 10 مئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ:"10 مئی کو پاکستانی قوم نے اپنے اتحاد اور اتفاق سے دشمن کو تاریخی شکست دی، جسے وہ قیامت تک یاد رکھے گا۔"وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، اور ایسے منصوبے ملک کے روشن مستقبل کی بنیاد بن رہے ہیں۔یاد رہے کہ جناح اسکوائر انٹرچینج منصوبے کی جلد تکمیل وزیراعظم شہباز شریف کے دعویٰ کردہ "ترقیاتی اسپرٹ" کا مظہر ہے، جس میں رفتار اور شفافیت کو ترجیح دی گئی ہے۔