وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی پاک-بھارت کشیدگی پر اہم مشاورت

وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی پاک-بھارت کشیدگی پر اہم مشاورت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اہم ملاقات کی جس میں خطے خصوصاً پاک-بھارت تعلقات اور موجودہ کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزیوں اور پروپیگنڈے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے حکومت کی حکمتِ عملی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کا مؤثر جواب دیا جائے گا، اور عالمی برادری کے سامنے حقائق اجاگر کیے جائیں گے۔مزید برآں، حکومتی وفد کے حالیہ غیر ملکی دوروں، ان کے مقاصد اور نتائج کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

 ان وفود نے مختلف ممالک میں پاکستان کا بیانیہ پیش کیا اور بھارت کی الزام تراشیوں کے خلاف مؤقف واضح کیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ، وزیر توانائی مصدق ملک، اور ماحولیاتی تبدیلی کی وزیر شیری رحمان بھی موجود تھے۔ تمام رہنماؤں نے متفقہ طور پر قومی یکجہتی اور مؤثر سفارتی حکمتِ عملی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ملاقات میں خارجہ محاذ پر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی اور جماعتی سطح پر رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔