پنجاب میں 23 اور 24 مئی کو گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے 23 اور 24 مئی کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آئے گی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی ہو گی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بارشوں سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے شدید گرمی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔مزید برآں، ضلعی انتظامیہ، اسکول ایجوکیشن، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر کھلے علاقوں میں نہ جائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔