صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پی ڈی ایم اے پنجاب نے 5 جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں جبکہ کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور ادارے ہر وقت الرٹ رہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ:
آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات سے دور رہیں
محفوظ جگہوں پر رہیں
غیر ضروری سفر سے گریز کریں
کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو ممکنہ بارش اور موسم کی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔سیاحوں کو خاص طور پر شمالی علاقوں کے سفر کے دوران احتیاط برتنے اور موسمی اپڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔