فیصلہ 27 کالجوں میں آفر ہونے والے 319 پروگرامز کے جائزے کے بعد کیا گیا ، اساتذہ کی بھی منتقلی ہو گی
لاہور (خصوصی رپورٹ ) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے لاہور کے سرکاری کالجوں میں بی ایس پروگرامز کی ریشنلائزیشن کا عمل شروع کر دیا ، جس کے تحت کم داخلوں والے 116 بی ایس پروگرامز کو بند کر دیا گیا ۔ یہ فیصلہ 27 کالجوں میں آفر کئے جانے والے 319 پروگرامز کے جائزے کے بعد کیا گیا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد دستیاب وسائل کا مئوثر استعمال اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ اب لاہور کے کالجوں میں 203 بی ایس پروگرامز جاری رہیں گے جب کہ بند کئے جانے والے پروگرامز میں تعینات اساتذہ کو دیگر اداروں میں منتقل کر کے ان کی خدمات کو بروئے کار لایا جائے گا۔ڈائریکٹر کالجز لاہور احسن مختار نے بتایا اساتذہ کی ریشنلائزیشن کے عمل سے تدریسی نظام کو متاثر ہونے سے بچایا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل مستقبل قریب میں پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی نافذ کیا جائے گا، جس سے صوبے بھر کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کی امید ہے۔