گرمی کے ساتھ لوڈ شیڈنگ کا عذاب، شہری سراپا احتجاج

 شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ، بجلی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے،متاثرہ شہریوں کا مطالبہ
 لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، بار بار بجلی کی بندش کے باعث شدید گرمی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ نے گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر کردی ہیں۔شہریوں کے مطابق ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، سبزہ زار اور سمن آباد سمیت متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بجلی بند کی جارہی ہے۔ اچھرہ، شادمان، اقبال ٹاؤن، مرغزار، چونگی امرسدھو اور تاج پورہ کے رہائشی بھی بجلی کی بندش سے پریشان ہیں۔بجلی کی بار بار اور طویل بندش پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔