عید:بجلی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے،پانی فراہم کا اعلان

 پانی کی فراہمی کے اوقات کار   میں3سے 4 گھنٹے تک اضافہ کیا جائیگا،   لیسکو سٹاف کو موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات
لاہور (کرائم رپورٹر)عید الاضحی کے موقع پر واسا نے پانی کی فراہمی کے اوقات کار بڑھانے کا فیصلہ کر لیا،ٹیوب ویل چلانے کے اوقات کار میں 3 سے4گھنٹے تک اضافہ کیا جائے گا۔عید الاضحی کے پہلے روز 3 اوقات میں صارفین تک پانی پہنچایا جائے گا۔ پہلے دن کا دورانیہ صبح 4:00 سے دوپہر 12:00 ،دوسرا دورانیہ دوپہر 2:00 سے شام 4:00 ،تیسرا اور آخری دورانیہ شام 5 سے لے کر رات 9:00 بجے تک جاری رہے گا۔عید کے دوسرے روز سے ٹیوب ویل چلانے کے اوقات کار میں کمی ہوگی۔ پہلا دورانیہ صبح 4 سے صبح 10:30 ،دوسرا دورانیہ دوپہر 2 سے 4 بجے شام ،تیسرا دورانیہ شام 5 سے رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔ عید الاضحی کے بعد پانی کے اوقات کار میں دوبارہ کمی کر دی جائے گی۔ پہلا دورانیہ صبح 5 سے صبح 9 ،دوسرا دورانیہ دوپہر 12 سے 2 ،تیسرا دورانیہ شام 5 سے رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے عیدالاضحی کے موقع پر پورے ریجن میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لیسکو کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے جبکہ تمام متعلقہ حکام کو عید کے دنوں میں سٹاف کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ رمضان بٹ نے کہا عید کے دنوں میں لائن سٹاف اور شکایت سنٹرز میں عملہ موجود رہے گا جبکہ تمام سٹورز میں بھی سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے علاوہ اضافی ٹرانسفامرز ٹرالیز کا بھی بندوبست کیا جاچکا ہے۔ اگر عید پر ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہوئی تو اس کے لئے بھی سٹاف کو سٹینڈ بائی کردیا گیا ۔ عید کے چاروں دن بجلی کی بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کے لے 4چیف انجینئر کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جاچکی ہیں۔