ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے معرکہ حق میں وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی عزت افزائی کے لیے نیا گانا ’’میں اپنا وعدہ نبھا رہا ہوں‘‘ ریلیز کر دیا ہے۔
اس نغمے کے اثر انگیز اشعار اور گلوکاروں کی سحر انگیز آوازوں نے سامعین کو محظوظ کر دیا ہے، جس میں پاک فوج اور شہریوں کی قیمتی قربانیوں کو انتہائی جذباتی اور طاقتور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء معرکہ حق کو سر کا جھومر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس مقدس سرزمین کو فتح و کامرانی سے نوازا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نغمہ 1965ء کی جنگ کے دوران کے جذبے کو تازہ کرتا ہے جب پوری قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت کو شکست دی تھی۔
پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ بزدل فوجیں رات کی تاریکی میں چھپ کر حملے کرتی ہیں، جبکہ بہادر قومیں اور ان کی افواج واضح اعلان کے ساتھ میدان جنگ میں اترتی ہیں۔یہ نیا نغمہ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا چکا ہے اور ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہو گیا ہے۔