وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیوی ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں، شہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوی ڈے پاک بحریہ کی عظیم قربانیوں، شجاعت اور بے مثال کارناموں کو یاد کرنے کا دن ہے۔
اپنے پیغام میں محسن نقوی نے پاک بحریہ کے جانبازوں کی شجاعت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 ستمبر 1965 پاک بحریہ کی تاریخ ساز کامیابیوں کا ایک درخشاں باب ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق آپریشن دوارکا میں پاک بحریہ نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور 1965 کی جنگ کے دوران دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کو سمندری سرحدوں کا بھرپور دفاع کرکے پاک بحریہ نے تاریخ رقم کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ مکمل طور پر مستعد اور چاق و چوبند رہی اور دشمن کراچی پر حملہ کرنے کی جرات نہ کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سمندری حدود کی محافظ پاک بحریہ پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک بحریہ کے شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔ پاک بحریہ نے ہر آزمائش اور چیلنج کے دوران ملکی دفاع کو مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی جدید دفاعی صلاحیتیں اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ قوم اپنے بہادر غازیوں اور شہدا کی لازوال خدمات اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔