یومِ بحریہ: مریم نواز کا پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

یومِ بحریہ: مریم نواز کا پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ملکی سمندری حدود کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

مریم نواز شریف نے پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی نے ہر موقع پر اپنی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن پر برتری ثابت کی۔انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کو پاک بحریہ نے ایک تاریخی آپریشن میں کامیابی حاصل کرکے دشمن پر اپنی برتری ثابت کی، جبکہ بحریۂ ہند میں پاک بحریہ کی آبدوز ’’غازی‘‘ نے بحری جنگ میں شاندار تاریخ رقم کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ بحری تجارت کے فروغ اور تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ موجودہ عالمی حالات اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود پاکستانی پرچم بردار تجارتی بحری جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانے میں پاک بحریہ کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاک بحریہ اپنی شاندار عوامی خدمات کے ذریعے بحری سفارتکاری بھی انجام دے رہی ہے، جبکہ جدید آبدوزوں، کروز اور بیلسٹک میزائلوں سمیت جدید ترین بحری اثاثے پاک بحریہ کو دنیا بھر میں نمایاں مقام دلاتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ پاک بحریہ مستقبل میں بھی اپنی شاندار بحری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے دفاع، سلامتی اور وقار کے لیے اسی جذبے سے خدمات انجام دیتی رہے