ویب ڈیسک: بھارت سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی قوم کے جذبے اور عزم کو سلام پیش کرنے کے لیے نیا جنگی ملی نغمہ ’’اللہ اکبر… تیار ہیں ہم‘‘ ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی عوام کے دلوں کو گرما دیا۔
یہ نغمہ دل کو چھو لینے والی شاعری، پرعزم دھن اور سحر انگیز آواز کا حسین امتزاج ہے۔ ترانے کے بول ’’غالب ہیں، خدا کا وار ہیں ہم، لڑنے کے لیے تیار ہیں ہم‘‘ سننے والوں کو ایک نئے ولولے اور قومی جوش سے ہمکنار کرتے ہیں۔ نغمے میں دشمن کو دوٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ وہ ایک ایسی قوم سے ٹکرایا ہے جو دین اسلام کے نام پر بنی اور جس کی بنیاد ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ پر قائم ہے۔ترانے میں پاکستان کی مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں، جذبہ قربانی، اور پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
جدید ترین اسلحے، برق رفتار ردعمل اور سخت تربیت کی حامل پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔یہ ملی نغمہ آئی ایس پی آر کے آفیشل یوٹیوب چینل سے جاری کیا گیا ہے، جسے لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ ’’اللہ اکبر‘‘ کی گونج کے ساتھ قوم کے دلوں میں ایک نئی روح پھونکی گئی ہے، اور یہ نغمہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن چکا ہے۔