نئی دہلی: بھارت کی معروف ویمن کرکٹر اور یو پی پولیس کی ڈی ایس پی دپتی شرما کے فلیٹ سے 25 لاکھ روپے مالیت کی چوری کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ملوث ہونے کا الزام ان کی قریبی دوست آروشی گوئل پر عائد کیا گیا ہے۔
چوری کی تفصیلات:
میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 اپریل 2025 کو آروشی گوئل، جو کہ دہلی کی رہائشی اور سابق کرکٹر ہیں، چوری چھپے دپتی شرما کے کہرائی (اتر پردیش) میں واقع فلیٹ پر آئیں اور وہاں سے:
ڈھائی ہزار امریکی ڈالر
طلائی زیورات
کثیر مقدار میں نقدی
چرا کر فرار ہوگئیں۔
یہ تمام کارروائی سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوچکی ہے۔
شکایت درج:
دپتی کے بھائی سمیت شرما کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ آروشی ان کی بہن کی قریبی دوست رہی ہیں اور دونوں نے جونیئر ٹیم میں ایک ساتھ کرکٹ بھی کھیلی ہے۔ آروشی اس وقت آگرہ کینٹ ریلوے اسٹیشن پر جونیئر کلرک کے طور پر تعینات ہیں۔
مالی لین دین اور بدسلوکی:
شکایت میں مزید کہا گیا کہ آروشی اور اس کے والدین نے پہلے بھی دپتی شرما سے تقریباً 25 لاکھ روپے قرض لیے تھے، جن کی واپسی کے بار بار مطالبے پر آروشی بہانے بنانے لگی، اور بعد ازاں اس نے اور اس کے گھر والوں نے بدتمیزی شروع کر دی اور پیسے واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
دپتی کی غیرموجودگی میں واردات:
واردات کے وقت دپتی شرما بیرون ملک کرکٹ مصروفیات کی وجہ سے فلیٹ پر موجود نہیں تھیں۔ انہوں نے آروشی کو فلیٹ پر آنے سے بھی روک رکھا تھا، اس کے باوجود آروشی فلیٹ پر آئیں اور چوری کی واردات کی۔
پولیس کارروائی:
صدر پولیس اسٹیشن کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کو بطور ثبوت شامل کر لیا گیا ہے۔