جے پور کی عدالت نے بھارتی کرکٹر یش دیال کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
دیال کو ایک نابالغ لڑکی سے زیادتی کے الزام کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔خصوصی عدالت نمبر 3 کی جج نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کے بیان، شواہد اور مقدمے کے مجموعی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت دینا مناسب نہیں۔ عدالت نے زور دیا کہ نابالغ سے متعلق مقدمات میں تحقیقات کے دوران زیادہ احتیاط اور حساسیت ضروری ہے۔مقدمہ جے پور کی ایک لڑکی کی جانب سے درج کروایا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا کہ دیال نے کرکٹ کیرئیر بنانے میں مدد کا جھانسہ دے کر طویل عرصے تک لڑکی کا جنسی استحصال کیا۔ متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزم نے خود کو بااثر کرکٹر کے طور پر پیش کیا، اس کا جذباتی استحصال کیا، اور مزاحمت پر دھمکیاں دی گئیں۔
ملزم کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ الزامات جھوٹے ہیں اور تعلق رضامندی سے تھا۔ وکیل کے مطابق دیال ایک پیشہ ور کرکٹر ہیں اور کیس میں مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔یاد رہے کہ رائلز چیلنجرز بنگلور کی جانب سے دیال کو آئی پی ایل 2026 کے لیے برقرار رکھا گیا ہے، اور انہیں گزشتہ سال 5 کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا۔