بھارت چند دن پانی روک سکتا ہے، مکمل روکنے کی صلاحیت نہیں:بیرسٹر عقیل ملک

بھارت چند دن پانی روک سکتا ہے، مکمل روکنے کی صلاحیت نہیں:بیرسٹر عقیل ملک

وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بھارت چند دنوں کے لیے پاکستان کا پانی روک سکتا ہے، لیکن جب ڈیم بھر جائیں گے تو پانی چھوڑنا پڑے گا۔

 انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے پاس نہ تو پاکستان کا پانی روکنے کی مکمل صلاحیت ہے اور نہ ہی اس کا کوئی مناسب اسٹرکچر موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ مستقبل میں ہونے والی بات چیت کا محور مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدہ ہوگا۔بیرسٹر عقیل ملک نے بھارت کی اس سیاسی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے تحت مودی حکومت نے آپریشن سندور کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ ہار چکا ہے جبکہ پاکستان نے فتح حاصل کی ہے۔انہوں نے مودی حکومت پر ہندوتوا اور آر ایس ایس کے نظریات کی بنیاد پر اقلیتوں کے خلاف مظالم کے الزامات عائد کیے، بتایا کہ بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں اور وہاں آزادی اظہار رائے پر پابندیاں ہیں۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ جب تک بی جے پی حکومت ہے، وہاں حالات بہتر نہیں ہوں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت نے بزرگوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، جو کہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے، اور پاکستان اس مسئلے کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی محاذ پر بھی بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر رہا ہے اور بھارت کے حملوں کا بھرپور جواب دے چکا ہے۔آخر میں بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں شدت آئے گی اور حکومت نے مختصر عرصے میں معاشی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارت کے حوالے سے آئندہ دنوں میں مثبت اور خوش آئند خبریں سامنے آئیں گی۔