خضدار میں اسکول بس پر سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کیساتھ ہیں؛ امریکی سفیر

خضدار میں اسکول بس پر سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کیساتھ ہیں؛ امریکی سفیر

امریکی سفیر نٹالی بیکر نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے اس حملے کو بے رحمانہ اور دہشتگردانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔

 امریکی سفیر نے اس سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔نٹالی بیکر نے مزید کہا کہ کسی بھی بچے کو اسکول جاتے ہوئے خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور امریکہ پاکستان میں ان لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے جو اس قسم کے تشدد کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے ایک اسکول بس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔

شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر، اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔ حملے میں متعدد بچے زخمی بھی ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پس پردہ بھارت کا گھناؤنا اور مسخ شدہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔